۱. وقت بے وقت کے لیے رکھ چھوڑنا، سینت رکھنا ، بچا رکھنا.
مگر دن عمر کے تھوڑے سے باقی
لگا رکھے تھے میری زندگی نے
( ۱۸۵۴ ، ذوق ، د ، ۲۵۲ ) .
دیکھیں کیونکر نہیں ہوتی ہے بسر ہجر کی شب
ہم نے اک زہر کی پڑیا بھی لگا رکھی ہے
( ۱۸۹۶ ، تجلیاتِ عشق ، ۲۸۱ ).
جو بیویاں سمجھدار ہیں وہ کچھ نہ کچھ وقت بے وقت کے لیے لگا رکھتی ہیں .
( ۱۹۱۱ ، نشاطِ عمر ، ۲۱۳ ) .
اصل میں تو یہ میں نے اس لیے لگا رکھا ہے کہ جاڑوں میں جب راجہ نواب آئیں گے تب نکالوں گا.
( ۱۹۵۴ ، پیرِ نابالغ ، ۱۱ ) .
۲. ( کسی مقصد سے) چھپا کر رکھنا.
ہمیشہ جلوۂ محشر رہا میری نگاہوں میں
لگا رکھا ہے نالوںمیں ، چھپا رکھا ہے آہوں میں
(؟ ، راسخ ( نور اللغات ) ).
۳. مشغول رکھنا ، مصروف رکھنا.
مشغلہ ہے یہ غنیمت شبِ تنہائی میں
درد نے دل کو تڑپنے پہ لگا رکھا ہے
( ۱۹۱۵ ، جانِ سخن ، ۱۶۷ ) .
۴. (i) پاس سے جدا نہ ہونے دینا ، ساتھ رکھنا.
اک نہ اک ہم لگائے رکھتے ہیں
تم نہ ملتے تو دوسرا ملتا
( ۱۹۰۵ ، داغ ( نور اللغات ) ) .
غرضکہ اسی قسم کے ذلیل خیالات سے ان چھوکریوں کو لگا رکھا تھا.
( ۱۹۲۴ ، اختری بیگم ، ۷۱ ).
(ii) چمٹائے رکھنا.
آئینہ بھی یہ سمجھتا ہے کہ معشوق ہے تو
تیری تصویر کو سینے سے لگا رکھا ہے
( ۱۹۱۵ ، جان سخن ، ۱۶۷ ).
ہم نے انگریز کے چلے جانے کے باوجود انگریزی کو آج تک سینے سے لگا رکھا ہے.
( ۱۹۹۳ ، اردو نامہ ، لاہور ، دسمبر ، ۲۷ ).
(iii) میل ملاپ رکھنا ، تعلق کو قائم رکھنا.
لگا رکھنا تمہیں آتا نہیں بس ہے کسر اتنی
تمہارے دم میں کوئی بار بار آئے تو کیا آئے
( ۱۹۰۵ ، داغ ، محاورات ، ۳۲۶ ) .
۵. مسلسل کوئی کام کیے جانا.
بزمِ غم کی برہمی ہے غش میں رہنا بار بار
کیا لگا رکھا ہے یہ آنا کبھی جانا کبھی
( ۱۸۹۲ ، شعور ( نور اللغات ) ) .
۶. امید میں رکھنا ، آس میں رکھنا ، لارا دیتے رہنا ، ہلکائے رکھنا.
گر لگا رکھنے کا مشتاقوں کے آجائے مزہ
تم کو ہو جائے مری امیدواری آرزو
( ۱۸۷۸ ، گلزار داغ ، ۱۷۰ ).
میں نے اسے لگا رکھا ہے ... کہ تمھارے ساتھ اس کی شادی کرا دوں گی .
( ۱۹۶۹ ، افسانہ کردیا ، ۲۷ ) .
۷. اپنی طرف مائل کرلینا.
خورشید کو سایہ میں زلفوں نے چھپا رکھا
چتون کی لگاوٹ نے سرمہ کر لگا رکھا
( ۱۸۲۴ ، مصحفی ( نور اللغات)) .
اہم اطلاع
اردو لغت بائیس ہزار صفحوں پر مشتمل ، دو لاکھ چونسٹھ ہزار الفاظ کا ذخیرہ ہے . اسے اردو زبان کے جیّد اساتذہ نے 52 سال کی عرق ریزی سے مرتب کیا ہے .
زیر نظر ویب سائٹ انسانی کاوش ہے لہذہ اغلاط کے امکانات سے مبرا نہيں ، آپ سے التماس ہے کہ اغلاط کی نشان دہی میں ہماری معاونت فرمائیں .
نشان دہی کے لیے ہماری ویب سائٹ پر رابطہ کے ان باکس میں اپنی رائے سے آگاہ کریں .