۱.قرابتی رشتہ دار ، سگا، ایک گھرانے کا ، ایک خاندان کا ، بھائی بند ،برادر ،اپنا .
اے محمؐد تجے اینو ایگانیاں سوں کیا کام... اے محمؐد چھوڑ دے اینوں کوں .
(۱۶۰۳، شرح ِتمہیداتِ ہمدانی (ترجمہ )،۷۳).
پرت بینچ دانا دیوانہ کرے
پرت نے بیگانہ یگانی کرے
(۱۶۳۸، چندر و مہیار ، ۸۱).
ناآشنا ہیں محض یگانے چہ ذکر غیر
غربت سے بھی برے ہے وطن میرے واسطے
(۱۸۷۳، دیوان ِ فدا ، ۳۵۵).
(۲) منفرد ، بے مثل ،بے نظیر ،لاثانی.
فلک قلاب سوں باندھیا ہے سیڑی
معانی تو دسے شاہ یگانہ
(۱۶۱۱، قلی قطب شاہ ، ک ، ۲۲۳:۲).
اپنے در دانہ یگانہ کو
لعل کو شاہ کے بہ خویشی دو
(۱۷۹۱، حسرت (جعفر علی ) طوطی نامہ ، ۳۰).
ہر ایک ان بزرگواروں میں علم و فضل میں یگانہ و افتخار زمانہ تھا .
(۱۸۰۵، آرائش ِ محفل ، افسوس ، ۱۰۷).
وہ نازنین یہ نزاکت میں کچھ یگانہ ہوا
جو پہنی پھولوں کی بدھی تو درشانہ ہوا
(۱۸۴۶، آتش ، ک ، ۲۵).
فیض و بخشش میں حاتم طے جعفر و افیشن سے زیادہ مشہور تھا ... جرات میں یگانہ تھا .
(۱۹۴۳، حیاتِ شبلی ، ۸۵).
اسی سلسلے میں "تو" ایک یگانہ استعمال جس سے اکبر نے .... اچھوتے پن کی دنیا رچا بسادی ہے .
(۱۹۶۱، اردو زبان اور اسالیب ،۲۱۱:۱).
عاشقی میں فسانہ ہیں ہم لوگ
اپنی دھن میں یگانہ ہیں ہم لوگ
(۱۹۳۲، بے نظیر ، کلام ، ۹۲).
رفق و شفقت میں یگانہ ہے وہی
کہ عجب شے ہے زمانہ مین تفرد تفرید
(۱۸۹۲، مہتاب داغ،۲۹۳).
سند ہماری ہے ایاک نستعین اے دوست
اسی یگانہ حاجت روا کو مانتے ہیں
(۱۹۴۱، اکبر الہ آبادی، ک ، ۳۳۰:۱).
خالقِ کائنات ایک ہے ،جو ہر اعتبار سے یکتا و یگانہ ہے .
(۱۹۷۵، اردو دائرہ معارفِ اسلامیہ ۸۹۹:۱۱).
خدا یگانہ ہے اس کے نہ ماں باپ، نہ بچے نہ بیوی حضرت عیسیٰ بغیر باپ کے پیدا ہوئے .
( ۲۰۰۶، نگارشات ڈاکٹر محمد حمید اللہ ، ۴۰:۲).
۳. مخلص دوست، گہرا دوست ، ہمدرد.
یار تھے دوست تھے یگانے تھے
صحبتیں تھیں بہم زمانے تھے
(۱۸۰۱، میر ، ک ، ۱۳۷۹).
سعید کی جو سعادت مندیاں سننے میں آئی ہیں ،وہ یگانہ کو یگانہ بنادینے والی ہیں .
(۱۹۷۳، خطوط ماجدی ، ۴۵).
زبان اور قومی اتحاد ... یہ دلوں کو جوڑتی اور بیگانوں کو یگانہ بنادیتی ہے .
(۱۹۹۶، اردوئے معلیٰ،۱۱۲).
۴. معروف شاعر یاس یگانہ چنگیزی کا ایک تخلص .
رئیس صاحب ... جوش اور یگانہ کی روایت سے اپنا رشتہ جوڑتے ہیں .
(۱۹۸۸، رئیس امروہوی ،رئیس امروہوی فن اور شخصیت ، ۷۵).
[ف].
اہم اطلاع
اردو لغت بائیس ہزار صفحوں پر مشتمل ، دو لاکھ چونسٹھ ہزار الفاظ کا ذخیرہ ہے . اسے اردو زبان کے جیّد اساتذہ نے 52 سال کی عرق ریزی سے مرتب کیا ہے .
زیر نظر ویب سائٹ انسانی کاوش ہے لہذہ اغلاط کے امکانات سے مبرا نہيں ، آپ سے التماس ہے کہ اغلاط کی نشان دہی میں ہماری معاونت فرمائیں .
نشان دہی کے لیے ہماری ویب سائٹ پر رابطہ کے ان باکس میں اپنی رائے سے آگاہ کریں .