۱. کسی خوشی یا غم کے موقع کا اجتماع، جشن، جلسہ (بیشتر خوشی کے موقع پر مستعمل)؛ رسم.
بعد فراغت تقریب بادشاہ حبشہ نے حسب ایماے نبوی اُم حبیبہ اور تمام مہاجرین کو...آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے حضور میں بھیج دیا.
(۱۸۸۷، خیابان آفرینش، ۳۷)
اے بہن یہ کوئی تقریب تھوڑی ہے...مجھے تو بات کرنی آتی نہیں اس لیے تم لوگوں کو بلا لیا.
(۱۹۳۹، شمع، اے- آر- خاتون، ۷۰)
۲. تقرب، نزدیکی، قریب ہونا (عموماً تراکیب میں).
مرجع عوام و خواص ہیں، خصوصاً تقریب بادشاہی سے سرفراز ہیں.
(۱۸۴۶، تذکرۂ اہل دہلی، ۸۴)
اب تقریب الہٰی کی بنیاد نورانیت پر قائم ہوتی ہے یعنی عقل و نفس میں جس قدر نورانیت ہوگی اسی قدر وہ خدا سے قریب تر ہوں گی.
(۱۹۵۶، حکمائے اسلام، ۸۴:۲)
۳. موقع، محل، سلسلہ.
لیکن اس کو ہم ایک تقریب اور فریب کی ڈوری سے باندھ لائے ہیں.
(۱۸۰۳، اخلاق ہندی، ۶۵)
مولوی حمیدالدین صاحب کا ذکر الندوہ کے ایک پرچے میں ایک خاص تقریب سے آچکا ہے.
(۱۹۰۴، مقالات شبلی، ۴۹:۱)
۴. باعث، سبب، وجہ.
ایک عجیب طرح کی ہنسی آئی لیکن بزر جمہر کی تقریب سے آیا تھا کسی نے کچھ نہ کہا.
(۱۸۰۱، داستان امیر حمزہ، ۱۷)
یہ قصہ چہار درویش کا ابتدا میں امیر خسرو نے اس تقریب سے کہا.
(۱۹۶۲، باغ و بہار (مقدمہ)، ۳)
۵. سفارش، تذکرہ، ذکر.
کپتان صاحب جنہوں نے میری تقریب کی تھی وہ بھی موجود تھے.
(۱۸۴۷، تاریخ یوسفی، ۸۳)
انہوں نے بادشاہ سے سر سید کی تقریب کی کہ ان کے دادا کا خطاب ان کو ملنا چاہیے.
(۱۹۰۱، حیات جاوید، ۵۲)
۶. کسی چیز کو پہلی بار رواج دینا.
چینی سب سے پہلی قوم ہے جس کو تمام جہاں میں یہ فخر حاصل ہے کہ انہوں نے واقعات قلمبند کرنے کے فن کی تقریب کی ہے.
(۱۸۸۹، رسالہ ’حسن، ۲۳:۷)
۷. تعارف، جان پہچان کا ذریعہ، ملاقات.
انگریزی ایٹکٹ (آداب مجلس) تو یہ ہے کہ جب تک کوئی تم کو انٹر ڈیوس (تقریب) نہ کرے تم اجنبی آدمی سے شناسائی مت پیدا کرو.
(۱۸۹۴، نظم بے نظیر (فٹ نوٹ)، ۴۸)
تم بھی اس طرف جاؤ تو فقیر صاحب اور دیگر عہدہ داران بندوبست سے جو تمہارے روشناس ہوں اُن کی تقریب کرا دینا.
(۱۹۱۱، مکتوبات حالی، ۴۴۲:۲)
۸. پچانہ، ذریعہ، صورت، موقع.
سیکھے ہیں مہ رخوں کے لیے ہم مصوری
تقریب کچھ تو بہر ملاقات چاہیے
(۱۸۶۹، غالب، د، ۲۱۹)
خداوند کارساز کی بارگاہ میں قصر صلواۃ کی ایک عمدہ تقریب پیدا ہوگی.
(۱۹۱۴، سیرۃ النبی، ۲۶۵:۲)
۹. (طب) کسی عضو مثلاً ہاتھ پانْو کو محور جسم کے قریب کرنا، ایک عضو کو دوسرے عضو کے قریب کرنا، انگ: Adduction
(مخزن الجواہر، ۲۳۴)
۱۰. (منطق) دلیل کا اس طرح جاری کرنا کہ اس سے لازمی طور پر مطلوب حاصل ہو
(حکمۃ الاشراق، ۴۵۶)
۱۱. راہ دینا، قریب آنے کا امکان پیدا کرنا، قریب لانا؛ مقصد، امکان؛ دھوکا
(اسٹین گاس)
[ ع ]
اہم اطلاع
اردو لغت بائیس ہزار صفحوں پر مشتمل ، دو لاکھ چونسٹھ ہزار الفاظ کا ذخیرہ ہے . اسے اردو زبان کے جیّد اساتذہ نے 52 سال کی عرق ریزی سے مرتب کیا ہے .
زیر نظر ویب سائٹ انسانی کاوش ہے لہذہ اغلاط کے امکانات سے مبرا نہيں ، آپ سے التماس ہے کہ اغلاط کی نشان دہی میں ہماری معاونت فرمائیں .
نشان دہی کے لیے ہماری ویب سائٹ پر رابطہ کے ان باکس میں اپنی رائے سے آگاہ کریں .