اُردو لغت(تاریخی اُصول پر) کی بائیس جلدوں پر نظرثانی کی جائے گی تاکہ زبان کے ارتقائی سفر کو محفوظ کیا جا سکے اور جو الفاظ لغت میں درج نہ کیے جا سکے یا تاریخی اُصول کی مناسبت سے نئی تحقیقات منظر عام آئی ہیں ان سے استفادہ کرتے ہوئے نظرثانی شدہ اشاعت کا اہتمام کیا جا سکے اور پرانی اشاعت کے لیے استدراک مرتب کیا جائے ۔
مندرجہ بالا منصوبوں کے ساتھ ساتھ متعدد لغات کی تیاری بھی ادارے کے منصوبوں میں شامل ہے ۔ جن میں اُردو ، چینی وغیرہ دولسانی لغات پر بھی کام کا آغاز کیا جائے گا ۔
اُردو لغت بورڈ کے کتب خانے میں موجود نادر و نایاب کتب کو محفوظ کرنے اور افادۂ عام کی غرض سے برخط (آن لائن) فراہمی ممکن بنانے کا اہتمام کیا جائے گا۔
اُردو میں ایک جامع انسائیکلوپیڈیا کی شدید ضرورت ہے۔ یہ انسائیکلوپیڈیا پندرہ جلدوں پر مشتمل ہوگا اور اس میں تمام علوم و فنون کا احاطہ کیا جائے گا۔ اسے انٹرنیٹ پر بھی پیش کیا جائے گا اور اس کی موبائل ایپ بھی تیار کی جائے گی۔