۱. کوئی چیز جو مدوَر ہو، مدوّر کُروی نیز دائرہ دار ، چکّردار.
انار کے بیج اس کی نازکی و پتلائی کو کہاں پہنچتے ہیں ، وے تو گول ہیں.
(۱۷۴۶ ، قصّۂ مہر افروز دلبر، ۳۸).
بند شلوار سے چسپیدہ سو اس روپ کے ساتھ
موم پر مہر کوئی گول سی جوں آوے اوچٹ
(۱۸۱۸، انشا، ک، ۲۴۸).
ایک تو آفت تیری گوری کلائی گول ہے
اور پھر اُس میں غضب چوڑی طلائی گول ہے
(۱۸۴۹، کلیاتِ ظفر ، ۱۵۲:۲).
کائنات عالم گول بوند بن کر شبنم کے قطرے تک میں پیدا ہے.
(۱۸۹۴، رسالہ تہذیب الاخلاق ، ۸۹).
خلیات سائز کے اعتبار سے مختلف ہوتے ہیں اس کے علاوہ شکل کے اعتبار سے مختلف قسم کے ہوتے ہیں ، مثلاً Oval ، گول .
(۱۹۸۱، آسان نباتیات ، ۱۹۰).
۲. مبہم ، مشکوک ، پیچیدہ.
اقرارِ وصل میں بخدا دیکھیو دلا
باتیں کرے ہے کیا ہی وہ خانہ خراب گول
(۱۸۴۵، کلیاتِ ظفر ، ۱۴۴:۱).
بیانِ صاف پر ان کے پھسل پڑیں گوہر
فلک کا دل بھی ہو لٹّو کریں جو باتیں گول
(۱۸۷۳، کلیاتِ منیر، ۱۲۰:۳).
ماہر معالجوں ہی کو تشخیص نہ کر ملا کہ تخم عمل روئیدگی سے عاری ہے یا زمین شور ہے اور بات گول ہی گول رہی.
(۱۹۸۶، انصاف ، ۱۸۳).
۳. خاموش ، بے حس و حرکت.
بے ساختہ فرمایا ” جی ہاں “ مگر میرے ساتھ گول ہی بیٹھے رہیے.
(۱۹۴۰، مضامین رموزی ، ۸۴).
۴. معدوم ، غائب.
لفظ گول اُردو میں غائب کے معنی بھی دیتا ہے جیسے شام کا کھانا گول کر دو.
(۱۹۸۸، اُردو ، کراچی، جولائی تا ستمبر، ۱۰۷:۳).
۵. (i) بے کار، فضول، (مجازاً) موٹی عقل.
ناحق خم فلک سے امیدِ شرابِ عیش
سمجھاؤں کیا سمجھ بھی تو رندوں کو گول ہے
(۱۹۲۷، شاد عظیم آبادی، میخانۂ الہام، ۳۷۸).
(ii) نادان بے وقوف ، مجہول الحال.
مہراج بلی اوّل تو گول آدمی اس پر خبط یہ کہ ہمچو من دیگرے نیست.
(۱۸۸۹، سیرِ کہسار، ۱۳۵:۱).
نہ عشق بازی کا ڈھپ نہ محبت سازی کا سلیقہ بالکل کورے، سپاٹ ، گول دونپو.
(۱۹۱۵، سجاد حسین ، کایا پلٹ ، ۵۰).
(iii) موٹا، بھدّا ، بے ڈھنگا ، بے ڈول.
تمہارا گول عاشق ہے نہیں فٹ بال سے کچھ کم
ذرا چلنے میں جڑ کر اسکو ٹھوکر دیکھتے جاؤ
(۱۹۳۷، ظریف لکھنوی ، ک ، ۶۹:۱).
اہم اطلاع
اردو لغت بائیس ہزار صفحوں پر مشتمل ، دو لاکھ چونسٹھ ہزار الفاظ کا ذخیرہ ہے . اسے اردو زبان کے جیّد اساتذہ نے 52 سال کی عرق ریزی سے مرتب کیا ہے .
زیر نظر ویب سائٹ انسانی کاوش ہے لہذہ اغلاط کے امکانات سے مبرا نہيں ، آپ سے التماس ہے کہ اغلاط کی نشان دہی میں ہماری معاونت فرمائیں .
نشان دہی کے لیے ہماری ویب سائٹ پر رابطہ کے ان باکس میں اپنی رائے سے آگاہ کریں .