۱۔ (i) رشتہ ، تعلق ، نسبت نیز سروکار ، غرض ، کام .
نظر آئے ترا موے کمر مجھ زار کو کیونکر
نہیں کچھ واسطہ تارِ نظر کو چشم سوزن سے
(۱۸۵۴ ، غنچہء آرزو ، ۱۲۸) ۔
چین کیجئے عیش کیجئے مجمع اغیار میں
آپ کو اب واسطہ مطلب غرض کیا ہم سے ہے
(۱۸۹۲ ، مہتاب داغ ، ۲۲۴) ۔
ہے تجھے واسطہ مظاہر سے
اور باطن سے آشنا ہوں میں
(۱۹۲۴ ، بانگ درا ، ۲۸) ۔
تجھے خدا سے کیا واسطہ ، خدا تو خدا ہی ہے ۔
(۱۹۳۴ ، قرآنی قصے ، ۱۲۳) ۔
ان کا نہ شیخ چلی سے کوئی رشتہ ہے نہ ادب سے کوئی واسطہ ہے ۔
(۱۹۸۷ ، اک محشر خیال ، ۵۲) ۔
۱. (ii) کسی قسم کا خاص تعلق جو دوستی ، آشنائی یا محبت سے ہو ، لگاؤ ، ربطِ محبت ، مؤدت ۔
جو عمل واسطہ اور سبب اخلاص کا ہے سو عمل صالح ہے ۔
(۱۷۷۲ ، شاہ میر ، انتباہ الطالبین ، ۱۶) ۔
ظلم کیا کیا نہ ترے عشق میں ہوں گے مجھ پر
واسطہ تجھ سے ہے جب او ستم ایجاد مجھے
(۱۸۸۶ ، دیوان سخن ، ۳۰۷) ۔
۱. (iii ) نسبی تعلق ۔
حضرت امین الدین کا سلسلہ پندرہ واسطوں سے حضرت علیؓ سے جاملتا ہے ۔
(۱۹۶۷ ، اردو نامہ ، کراچی ، ۲۹ : ۸۳) ۔
۳۔ جو دو چیزوں یا دو شخصوں کے درمیان ہو ، ایک کا اثر دوسرے تک پہنچانے والی چیز ، وسیلہ ، ذریعہ۔
مصطفیٰﷺ اور اولیا کے درمیاں
واسطہ ہے روحِ خاتونِ جناں
(۱۷۷۱ ، ہشت بہشت ، ۶ : ۹۴) ۔
گو وہ خالق نہ سہی واسطہء خلق تو ہے
سب کو اک مظہر انوارِ محمد ﷺ دیکھا
(۱۹۷۷ ، انوار دہلوی ، د ، ۴) ۔
یہاں سے لنڈن تک تار برقی لگا ہوا ، اس تار کے واسطے سے لڑائی کے ذرا ذرا سے واقعات کی خبر لنڈن میں ایک دو گھنٹے کے بعد پہنچ جاتی ہے ۔
(۱۹۰۴ ، محاربات عظیم ، ۱۷) ۔
وہ ایک بہت بڑا پالیٹشن بھی تھا ۔۔۔۔۔ سلطنت اور رعایا کے درمیان میں واسطہ قرار دیا گیا تھا ۔
(۱۹۲۶ ، شرر ، مضامین ، ۳ : ۶۶) ۔
روشنی قوت ہے اور قوت بغیر کسی واسطے (Medium) کے ایک مقام سے دوسرے مقام تک سفر نہیں کر سکتی ۔
(۱۹۶۹ ، سائنس اور فلسفہ کی تحقیق ، ۱۳۵) ۔
عربوں نے سب سے پہلے یونان کے علوم کو اپنی زبان میں منتقل کیا اور انہیں کے واسطے سے یہ علوم مغرب میں نشاۃ ثانیہ کا محرک بنے ۔
(۱۹۹۴ ، نگار ، کراچی ، جون ، ۲۰) ۔
۴۔ ایلچی ، درمیانی شخص ، ثالث ، قاصد ، وکیل ، بچولیا ، دلال ۔
واسطہ ۔۔۔۔۔ دلال کو بھی کہتے ہیں ۔
(۱۹۳۷ ، اسلامی انسائیکلوپیڈیا ، منشی محبوب عالم ، ۲ : ۷۸۲) ۔
۵۔ (ریاضی) عدد جو کسی رقم کا اوسط ہو ۔
اس لیے حسب ِضابطہ طرفین یعنی ماخذ اور معلوم کو آپس میں ضرب دے کر واسطہ پر جو احدالوسطین ہے تقسیم کرو تاکہ مجہول معلوم ہو جائے ۔
(۱۸۵۲ ، تسہیل الحساب ، ۳۴) ۔
۶۔ طفیل ، صدقہ ۔
فاطمہ کے دودھ اور علی کرم اللہ وجہہ کے خون کا واسطہ حسین اور زینب کی نذر قبول کر ۔
(۱۹۴۳ ، سیدہ کی بیٹی ، ۱۳۷) ۔
۷۔ قسم ، سوگند ۔
گنگا میں دل بہا نہ مرا تو بجائے گل
اے بت تجھے ہے واسطہ لات و منات کا
(۱۸۶۱ ، کلیات اختر ، ۳) ۔
۸۔ سبب ، علت ، وجہ ، باعث نیز لیے ، کے لیے ۔
مسلم نے ہاتھ واسطے دعا کے اوٹھا کہا ، بارِ خدایا فتح دے ۔
(۱۷۳۲ ، کربل کتھا ، ۱۱۷) ۔
۹۔ (تصوف) تصورِ شیخ ۔
واسطہ ، تصور شیخ ہے اسی سے محبت ِشیخ پیدا ہوتی ہے ۔
(۱۹۲۹ ، اصطلاحات صوفیہ ، ۱۶۷) ۔
[ ف : واسطہ ، ع : واسطۃ ] ۔
اہم اطلاع
اردو لغت بائیس ہزار صفحوں پر مشتمل ، دو لاکھ چونسٹھ ہزار الفاظ کا ذخیرہ ہے . اسے اردو زبان کے جیّد اساتذہ نے 52 سال کی عرق ریزی سے مرتب کیا ہے .
زیر نظر ویب سائٹ انسانی کاوش ہے لہذہ اغلاط کے امکانات سے مبرا نہيں ، آپ سے التماس ہے کہ اغلاط کی نشان دہی میں ہماری معاونت فرمائیں .
نشان دہی کے لیے ہماری ویب سائٹ پر رابطہ کے ان باکس میں اپنی رائے سے آگاہ کریں .