۱۔ وہ بیماری جو بہ کثرت پھیلے ؛ متعدی بیماری ؛ جیسے : طاعون ، ہیضہ وغیرہ ۔
گھوڑوں میں وبا ایسی پھیلی کہ طویلے کے طویلے خالی ہو گئے ۔
(۱۸۵۷ ، تاریخ ہندوستان ، ۳ : ۳۵)۔
ہر جگہ حفظان صحت کا کافی انتظام عمل میں لایا گیا صرف چند مقامات پر ہیضہ اور چیچک کی شکایت ہوئی لیکن ان امراض نے وبا کی صورت اختیار نہیں کی۔
(۱۹۳۴ ، حیات محسن ، ۱۶)
وباؤں ، بیماریوں اور حادثوں کو وہ دیوی دیوتاؤں کی خفگی سے منسوب کرتے تھے۔
(۱۹۸۹ ، دریچے ، ۱۵۱)
۲۔ (کنایتہ) مرگ عام ، موت نیز ملک گیر مرض ۔
جس کو کچھ آفت پہنچے خواہ وہ آفت عام ہو ؛ جیسے : وبا اور قحط وغیرہ خواہ آفت خاص ہو ؛ جیسے : کسی کا کوئی مر گیا اور کچھ آفت پہنچی۔
(۱۸۳۰ ، تقویۃ الایمان ، ۲۷۵)
باتفاق قضا و قدر اس سال شہر مصر میں وبا پڑی فرعون نے ایک درم فی جنازہ مقرر کردیا
(۱۸۴۵ ، احوال الانبیا ، ۱ : ۴۶۰) ۔
ادھر وبا نہیں پر قحط اور گرانی سے
مچا ہوا ہے ہر اک گھر میں رات دن کہرام
(۱۹۱۲ ، مجموعہء نظم بے نظیر ، ۹۹)
شہر میں وبا اس شدت کی پھیلی تھی کہ ۔۔۔۔۔ صبح جو آدمی ہنستا بولتا تندرست اٹھتا وہ شام تک قبر کی آغوش میں جا لیٹتا
(۱۹۹۰ ، کالی حویلی ، ۱۸)
۳۔ (مجازاً) ایسی بیماری یا مصیبت جو انسانوں کی تباہی و بربادی کا باعث ہو ، بلائے آسمانی
سال بھر میں ایک رات ایسی ہوتی ہے جس میں وبا اترتی ہے
(۱۹۰۶ ، الحقوق و الفرائض ، ۳ : ۲۰۷)
۴۔ (i) (مجازاً) خرابی ، علت
ملازموں پر یہ بات ثابت کر دی کہ میرا یہ دورہ سرکاری ملازموں کے لیے کوئی مہلک یا خطرناک وبا نہیں
(۱۹۲۵ ، وقار حیات ، ۸۰)
شہروں کے چہرہ گر جنھیں مرنا تھا مر گئے
پیڑوں کو کاٹنے کی وبا عام کر گئے
(۱۹۸۲ ، رئیس فروغ ، رات بہت ہوا چلی ، ۳۷)
(ii) برائی یا عیب جو معاشرے میں سرایت کر جائے، اجتماعی برائی، برا رجحان جو عام ہو ۔
بائیکاٹ کی وبا کا زور ملاحظہ فرمائیے یہ وبا بنگالے سے چلی ۔۔۔۔۔ ہر بنگالی کا فرض ہے کہ وہ بائیکاٹ کے اصول پر چلے نہیں تو لارڈ کرزن کا بچہ تصور کیا جائے گا
(۱۹۰۷ ، انتخاب فتنہ ، ۱۹۹)
یہ ایک ناقابل تردیدحقیقت ہے کہ وطن عزیز میں جعل سازی کی وبا روز افزوں ہے
(۱۹۹۳ ، اردو نامہ ، لاہور ، جولائی ، ۶)
یورپ اور امریکہ میں رندانہ اطوار کی وبا ۔۔۔۔۔ ذہنی بیماریاں اور ان کے معالج
(۲۰۰۴ ، تسلیمات ، ۶۹)
اہم اطلاع
اردو لغت بائیس ہزار صفحوں پر مشتمل ، دو لاکھ چونسٹھ ہزار الفاظ کا ذخیرہ ہے . اسے اردو زبان کے جیّد اساتذہ نے 52 سال کی عرق ریزی سے مرتب کیا ہے .
زیر نظر ویب سائٹ انسانی کاوش ہے لہذہ اغلاط کے امکانات سے مبرا نہيں ، آپ سے التماس ہے کہ اغلاط کی نشان دہی میں ہماری معاونت فرمائیں .
نشان دہی کے لیے ہماری ویب سائٹ پر رابطہ کے ان باکس میں اپنی رائے سے آگاہ کریں .