۱ . کوئی اہم تحریر ، یادداشت ، اِقرار نامہ جو آئندہ حوالے کے لئے مفید ہو .
اگر کسی وجہ سےکچھ مقروض ہو جاتا تھا تو میری ناواقفی میں دائن کو ادا کر کے دستاویز پھیر لیتے تھے .
( ۱۸۸۸ ، مکاتیبِ امیر مینائی ، ۳۳۵ ) .
مامون الرشید کے کتب خانے میں ایک دستاویز دیکھی تھی جو عبدالمطلب بن ہاشم ( آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے جدِّ امجد ) کے ہات کی لِکھی ہوئی تھی .
( ۱۹۱۱ ، سیرۃ النبی ۱ : ۱۲ ) .
تحقیقی مواد کی وجہ سے پرانے تذکروں میں سنہ و تاریخ کا تعین نہیں ہو پایا تھا اس لئے شعراء کے ذکر میں تقدیم و تاخیر کا مسئلہ پیدا ہوا نئے تذکروں میں ترتیب کی باقاعدگی نے انہیں ایک تاریخی دستاویز کی حیثیت دے دی ہے .
( ۱۹۸۷ ، قومی زبان ، کراچی ، جولائی ، ۶۴ ) .
۲ . ( قانون ) وہ کاغذ جو دو یا کئی شخصوں کے مابین کسی معاملے میں بطور سند لِکھا جائے، تَمَسُک ، اِقرا نامہ ، راضی نامہ .
دستاویز نکال میں روپے گِن دیتا ہوں .
( ۱۸۰۲ ، باغ و بہار ، ۱۳۹ ) .
عرب میں دستاویزوں پر صرف مہینہ لِکھا جاتا تھا ، سنہ لکھنے کا رواج نہ تھا .
( ۱۸۹۹ ، مقالاتِ شروانی ، ۴۳ ) .
جُھوٹی دستاویزیں انہوں نے ( وکیل صاحب ) بنوائیں اور اب یہ بے حیا ... کہتا ہے کہ میں سچ کا ساتھ دیتا ہوں .
( ۱۹۴۷ ، فرحت ، مضامین ، ۳ : ۶۳ ) .
۳. ضابطہ ، دستور ، ہدایت نامہ .
جن کو سر رشتۂ تحقیق سے ہے دست آویز
رکھتے ہرگز وہ نہیں سجہ وہ زنّار سے کام
( ۱۸۷۵ ، شہید ( احمد علی ) ، د ، ۹۸ٖ ) .
اسلام دنیا کے سارے مذاہب کے بعد آنے والا ایک ایسا ضابطۂ حیات تھا جو انسانی شعور کی مکمل کی ہوئی دستاویز کو پیش کرتا ہے .
( ۱۹۸۳ ، برشِ قلم ، ۱۳۶ ) .
۴. وسیلہ ، سہارا .
خدا جانے اس میں کیا مصلحت تھی تمہیں باتیں بنانے کے لیے دست آویز ہوگئی .
اس کا ( جعفر زٹلی ) کلام شمالی ہند میں لِسانی ارتقا کی پہلی کڑی اور تہذیبی و تاریخی اعتبار سے ایک دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے .
( ۱۹۸۲ ، تاریخِ ادبِ اردو ، ۲ ، ۱ : ۹۷ ) .
۰۲ نِشانی ، علامت .
اپنی انگوٹھی اس کے ہاتھ میں پائی محبت کی دست آویز پر صحت کی علامت نظر آئی .
( ۱۸۶۲ ، شُبستانِ سرور ، ۱۷۹ ) .
چاہتا ہوں اس پری پیکر سے دست آویزِ وسل
عہد نامے پر مگر مہرِ سلیماں چاہیئے
( ۱۹۰۱ ، الف لیلہ ، سرشار ، ۱۰۱۴ ) .
الف لیلہ ہماری اجتماعی ذات کا دستاویز ہے .
( ۱۹۸۳ ، علامتوں کا زوال ، ۱۴۸ ) .
۰۷ وہ چیز جو گرفت میں لے لے یا باندھ دے ( شاذ ) .
طلب جو جتا شوق انگیز ہوئی
لنبی زلف تس دست آویز ہوئی
( ۱۶۵۷ ، گلشنِ عشق ، ۱۹۵ ) .
۰۸ ( مجازاً ) کرنسی نوٹ ، سرکاری تَمَسکات .
روسی سپاہ کی.... پہلی اور جان شکن شکست سے .... یوروپ کے کاروباری لوگوں پر.... جو اثر پڑا اس امر سے معلوم ہوجاوے گا کہ اس خبر.... کے مشتہر ہوتے ہی روسی دستاویزوں کی قیمت بہت ہی گر گئی .
( ۱۸۹۳ ، بست سالہ عہدِ حکومت ، ۳۳) .
[ دست + ف : آویز ، آویختن – لٹکانا ] .
اہم اطلاع
اردو لغت بائیس ہزار صفحوں پر مشتمل ، دو لاکھ چونسٹھ ہزار الفاظ کا ذخیرہ ہے . اسے اردو زبان کے جیّد اساتذہ نے 52 سال کی عرق ریزی سے مرتب کیا ہے .
زیر نظر ویب سائٹ انسانی کاوش ہے لہذہ اغلاط کے امکانات سے مبرا نہيں ، آپ سے التماس ہے کہ اغلاط کی نشان دہی میں ہماری معاونت فرمائیں .
نشان دہی کے لیے ہماری ویب سائٹ پر رابطہ کے ان باکس میں اپنی رائے سے آگاہ کریں .