۱۔ ایک سفید چمکدار گول دانہ جو سیپی میں سے نکلتا ہے بطور جواہر اور دواء ً مستعمل، روایت ہے کہ سمندر میں ایک قسم کا کیڑا ہوتا ہے جو اپنے رہنے کے لیے سیپی بناتا ہے اگر سیپی کے اندر ریت یا کسی اور چیز کا ذرّہ داخل ہو جائے تو وہ اسے چبھتا ہے اس لیے یہ کیڑا اس پر اپنا لعاب ِدہن لگاتا رہتا ہے اور وہ ذرہ بڑا ہو کر موتی بن جاتا ہے ، مروارید ، گوہر ، دُر ، لولو
مانک موتی ہیرے لال
خوب یک کسوت ہم زر مال
(۱۵۰۳ ، نوسرہار ، ۱۱)
یا دریا میں جوں موتی
یا دیپ اندھاری جوتی
(۱۵۸۲ ، کلمۃ الحقائق ، ۴۴)
در و مروارید موتی جانیہ
ہم بسد راتی کلی پہچانیہ
(۱۶۲۱ ، خالق باری ، ۷۱)
اگر ہم چشم دولت مند ہو چشم کرم مت رکھ
صدف پیاسی رہے ہرچند موتی پاس بہہ گزرے
(۱۷۴۱ ، شاکر ناجی ، د ، ۲۸۷)
دھرے کانوں پہ لا موتی کے لچھے
لٹکتے جس میں آویزے تھے اچھے
(۱۷۹۷ ، عشق نامہ ، فگار ، ۱۰۸)
اپنی تری موتی کی لڑی سے جو لڑی آنکھ
توڑے گی اب اے جان نہ اشکوں کی لڑی آنکھ
(۱۸۳۱ ، دیوان ناسخ ، ۲ : ۱۲۶)
بازار ِمرگ میں مجھے سودا گراں ملا
موتی کے مول قطرۂ آبِ سناں ملا
(۱۸۵۴ ، ریاض مصنف ، ۲۳)
جواہرات اور موتیوں پر زکواۃ نہیں
(۱۹۰۶ ، الحقوق والفرائض ، ۱ : ۱۸۲)
بطن ِصدف میں جیسے موتی
من میں جیسے جیون جیوتی
(۱۹۶۲ ، ہفت کشور ، ۶۱)
کیا اب موتی کی تجارت کا ارداہ ہے
(۱۹۹۰ ، کالی حویلی ، ۲۰۲)
۲۔ مصنوعی چمکدار دانے جو شیشے وغیرہ سے بنائے جاتے ہیں
دیکھتے ہی دیکھتے اس کے خیالات یوں بکھر گئے جیسے ہار ٹوٹ جانے سے موتی بکھر جائیں
(۱۹۸۲ ، بند لبوں کی چیخ ، ۱۰۰)
اس نے چھوٹے موتیوں کی ایک زنجیر دکھلا کر واپس نہیں لی
(۱۹۹۲ ، اختر حسین رائے پوری کے افسانے ، ۴۵)
۳۔ (کنایۃً) ستارہ (جو گول اور چمکدار ہوتا ہے)
وو موتی گگن کے سو تارے ہوئے
وو سیس پھول سارے ستارے ہوئے
(۱۵۶۴ ، حسن شوقی ، د ، ۷۵)
نور کی زمین نور کا آسمان وسط میدان میں ۔۔۔۔۔ لعل و زمرد ، یاقوت ، الماس ۔۔۔۔۔ موتی لالڑی ، لہسنیا ، کمیدک جڑے ہوئے سیکڑوں برج
(۱۸۹۰ ، بوستان خیال ، ۶ : ۸۶)
نہ جانے کتنے موتی ، پھول اورستارے افق در افق جگمگا رہے تھے
(۱۹۹۰ ، رئیس امرہوی فن و شخصیت ، ۵۸)
۴۔ (کنا یۃ ً) آنسو
اور اب چرچے ہیں جس کی شوخیء گفتار کے
بے بہا موتی ہیں جس کی چشم گوہربار کے
(۱۹۲۴ ، بانگ درا ، ۲۵۵)
آنکھ ملانے سے وہ کتراتے ہیں کہ آنسوؤں کے وہ موتی جنھیں وہ کتنی دیر سے ۔۔۔۔۔ چھپائے بیٹھے ہیں چھلک کر باہر نہ آجائیں
(۱۹۹۱ ، سفر گشت ، سفرنامہء امریکہ ، ۳۵۴)
۵۔ کتوں کا نام (جو اکثر لوگ رکھتے ہیں)
موتی وہ کالا کتا جو یدھشڑ کے ساتھ ہمالہ کی بلندیوں پر چلا گیا تھا
(۱۹۶۶ ، لاجونتی ، ۷۱)
لیکن اﷲ کی قدرت کہ وہ ان سے چھٹکارا پانا چاہتا ہے چنانچہ انہیں پچکار کر ’’ موتی موتی‘‘ کہتا ہے مگر وہ اس کی ٹانگ ہی نہیں چھورتے
(۱۹۹۰ ، جرم ظریفی ، ۵۷)
۶۔ (کنا یۃ ً) (حکمت و دانش کے) قول ، اقوال ِزریں
اتال جھگڑا ساحل کا تو گفتہ شد
موتی بہوت دانش کے تو سفتہ شد
(۱۶۴۹ ، خاور نامہ ، ۶۳۳)
یہ پیغمبر کی شان ہے کہ وہ محض بیماری اور اس کی دوا ہی نہیں بتاتا بلکہ علاج کی پوری تفصیل بیان کر دیتا ہے اور حکمت و دانش کے موتی کسی اجر اور بدلے سے بے پروا ہو کر دنیا کے دامن میں ڈالتا جاتا ہے
(۱۹۸۸ ، انبیائے قرآن ، ۴۷)
۷۔ قطرہ (پسینہ کا یا اوس وغیرہ کا ، نہایت گول اور مدوِر چیز)
سنبل نسا نہا کے نچوڑے جو تو نے بال
پانی کی بوندیں موتی ہیں اور ابردار زلف
(۱۸۷۹ ، جان صاحب ، د ، ۱۴۷)
میں نے پھول کی نرم پتیوں پر کانپتے ہوئے اوس کے موتیوں کو اس قدر غور سے نہیں دیکھا
(۱۹۴۲ ، طلوع و غروب ، ۹)
وہ شبنم کے موتیوں سے تخیل کی لڑی پروتا ہے
(۱۹۹۰ ، سرود نو ، ۴۵)
[ پ : س : ]
اہم اطلاع
اردو لغت بائیس ہزار صفحوں پر مشتمل ، دو لاکھ چونسٹھ ہزار الفاظ کا ذخیرہ ہے . اسے اردو زبان کے جیّد اساتذہ نے 52 سال کی عرق ریزی سے مرتب کیا ہے .
زیر نظر ویب سائٹ انسانی کاوش ہے لہذہ اغلاط کے امکانات سے مبرا نہيں ، آپ سے التماس ہے کہ اغلاط کی نشان دہی میں ہماری معاونت فرمائیں .
نشان دہی کے لیے ہماری ویب سائٹ پر رابطہ کے ان باکس میں اپنی رائے سے آگاہ کریں .