۱. (i) قدرتی طور پر پیدا کی ہوئی کائنات ، آفرینش ، قدرت ، نیچر .
اپنے بنی نوع کی عزّت اور فطرت کی بڑائی ایسی ہمارے دل میں جم جاتی ہے جس سے مصیبتوں میں ہم کو تسکین ہوتی ہے.
( ۱۸۷۶ ، تہذیب الاخلاق ، ۲ : ۲۶۲ )
ایک فلسفی کا منتہائے مقصد مطالعۂ فطرت اور خالص غور و فکر ہونا چاہیے.
( ۱۹۱۲ ، فلسفیانہ مضامین ، ۴۵ )
میرا خیال تھا کہ شاید وہ فطرت کی نیرنگوں میں خدا کی قدرت کا مشاہدہ کر رہے ہیں.
( ۱۹۸۷ ، شہاب نامہ ، ۵۴۶ )
(ii) قدرتی حالات.
فطرت کے ساتھ ایک دائمی جنگ نے ان لوگوں کو حد درجہ جفا کش بنا دیا تھا ، وہ کئی کئی دن تک گھوڑے کی پیٹھ پر پیٹھ سکتے تھے.
( ۱۹۴۷ ، آخری چٹان ، ۱۲ )
(iii) قانونِ قدرت.
عرب میں اسلام سے پہلے مختلف مذاہب تھے ، بعضوں کا خیال تھا کہ جو کچھ زمانہ یا فطرت (قانونِ قدرت) ہے ، خداق کوئی چیز نہیں.
( ۱۹۱۱ ، سیرۃ النبیؐ ، ۱ : ۱۱۳ )
۲. طبیعت یا اقتضائے طبیعت جو پیدائشی ہو اور خارجی اثر سے پیدا نہ ہوا ہو ، خمیر ، سرشت.
تجھ فطرتِ بلند کی خوبی کو لکھ قلم
مشہور جگ کے بیچ عطارد رقم ہوا
( ۱۷۰۷ ، ولی ، ک ، ۴۲ )
سبحان اللہ کیا عدالت آپ کی فطرت میں تھی.
( ۱۸۸۷ ، خیابانِ آفرینش ، ۱۵ )
کرمکِ ناداں طوافِ شمع سے آزاد ہو
اپنی فطرت کے تجلّی زار میں آباد ہو
( ۱۹۲۴ ، بانگ درا ، ۲۹۹ )
میری فطرت میں ہے رواداری
ہے دلیلِ الست میرا وجود
( ۱۹۸۳ ، حصارِ انا ، ۱۳۸ )
۳. (i) عیّاری ، چلاکی ، فریب .
کبھی پوشیدہ اُس تک آپ جاتا
کبھی فطرت سے اپنے گھر بلاتا
( ۱۸۱۴ ، نورتن ، ۵۵ )
فلورا کے خراب کرنے کے لیے اب انھوں نے ایک نئی فطرت ایجاد کی ہے.
( ۱۸۹۶ ، فلورا فلورنڈا ، ۱۲۴ )
اے شیخ مرے ساتھ یہ فطرت نہ چلے گی
واللہ کہ تجھ سے بھی زیادہ ہوں گنہگار
( ۱۹۴۲ ، سنگ و خشت ، ۹۶ )
(ii) سازش ، سانٹ گانٹھ ، (فقرہ) یہ چوری دونوں کی فطرت سے ہوئی ہے
( نوراللغات )
۴. دانائی ، عقلمندی ، ہوشیاری ، زیرکی .
( فرہنگِ آصفیہ )
۵. دین ، سنّت.
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلّم فرمائے پانچ چیز ہیں فطرت میں کے ، ختنہ کرنا اور استحداد یعنی موے زہار تراشنا اور منچہ کترنا اور ناخن لینا اور بغل کے بال چُنّا.
( ۱۸۶۰ ، فیض الکریم ، ۷۸ )
۶. وہ شکل جو بچّہ پیٹ میں اختیار کرتا ہے ، مضغہ ، لوتھڑا ، ہیولا
( فرہنگِ آصفیہ )
[ ع : ( ف ط ر ) ]
اہم اطلاع
اردو لغت بائیس ہزار صفحوں پر مشتمل ، دو لاکھ چونسٹھ ہزار الفاظ کا ذخیرہ ہے . اسے اردو زبان کے جیّد اساتذہ نے 52 سال کی عرق ریزی سے مرتب کیا ہے .
زیر نظر ویب سائٹ انسانی کاوش ہے لہذہ اغلاط کے امکانات سے مبرا نہيں ، آپ سے التماس ہے کہ اغلاط کی نشان دہی میں ہماری معاونت فرمائیں .
نشان دہی کے لیے ہماری ویب سائٹ پر رابطہ کے ان باکس میں اپنی رائے سے آگاہ کریں .