۱۔ فنا ہونے کا عمل ، موت ، مرنے کی حالت ؛ فنا ، مرگ ۔
باشندے شہر کے باورچی خانے کی بکریوں کے مانند مترصد ہلاکت کے رہتے ۔
(۱۸۰۵ ، آرایش محفل ، افسوس ، ۳۲۲) ۔
غرض کہ میری ہلاکت پہ تو بھی مرتا ہے
پروں کو کھول دے ظالم جو بند کرتا ہے
(۱۸۴۳ ، دیوان رند ، ۲ : ۳۱۰) ۔
میں نے اپنے فرزند سورسین کو اس ملک مہانگر پر قبضہ کرنے کو بھیجا تھا وہ مع مردمان ہمراہی معرض ہلاکت میں آگیا ۔
(۱۸۹۱ ، بوستان خیال ، ۸ : ۳۷۳) ۔
آپریشن کی دو قسمیں ہیں ایک تو وہ جو بے خطر ہو ۔ دوسرا ایسا جس کے نتیجہ میں اکثر حالات میں ہلاکت واقع ہو ۔
(۱۹۴۷ ، جراحیات زہراوی (مقدمہ) ، س) ۔
حافظ کو شاہ ابو اسحق کی ہلاکت کا شدید صدمہ ہوا ۔
(۱۹۸۶ ، دنیا کی سو عظیم کتابیں ، ۲۷۹) ۔
جب کسی شیر کو انسانی خون چکھنے کا موقع مل جاتا ہے تو پھر اسے اس کا چسکا پڑجاتا ہے اور وہ مسلسل انسانوں پر حملے کر کے ان کی ہلاکت کا باعث بنتا رہتا ہے ۔
(۲۰۰۶ ، داستاں کہتے کہتے ، ۱۹۰) ۔
۲۔ (مجازاً) اضمحلال ، تھکاوٹ ، پژمردگی ۔
یعقوبؑ کا غم سورۂ یوسف سے ہے پیدا
یوسف کی جدائی میں ہلاکت رہی کیا کیا
(۱۸۷۵ ، دبیر ، دفتر ماتم ، ۶ : ۶۲) ۔
جب تک ہم جسمانی اور روحانی ہلاکت کا نظارہ نہ کریں ہمیں چین نہیں مل سکتا ۔
(۱۹۸۹ ، ڈاکٹر اختر حسین رائے پوری کے افسانے ، ۲۰) ۔
۳۔ تباہی ، بربادی ۔
دعوی باطل ہے انساں کو ہلاکت کا سبب
حال کیا آخر انالحق سے ہوا منصور کا
(۱۸۷۰ ، دیوان اسیر (مظفر علی) ، ۳ : ۷۱) ۔
مذہب جو دنیا کی شرارت سے آدمی کو نہیں بچاسکتا وہ عاقبت کی ہلاکت سے کیسے بچاسکتا ہے ۔
(۱۸۹۱ ، محاسن الاخلاق ، ۳۰۷) ۔
جھوٹے رہنماؤں کی کمی نہیں جو نوع انسانی کو بہکا کر باہمی نفرت اور ہلاکت کا سبق پڑھاتے ہیں ۔
(۱۹۴۰ ، علم الاقوام (ترجمہ) ، ۱ : ۱۸) ۔
ملبے کے ڈھیر ۔۔۔۔۔ ہلاکت کی داستانیں سنا رہے ہیں ۔
(۱۹۷۲ ، لاڑکانہ سے پیکنگ تک ، ۱۱۲) ۔
بزرگوں کے درمیان اختلافات ہوتے ہیں ، کولڈ وار ہوتی ہے ۔۔۔۔۔ جو کبھی کبھی ہلاکت تک پہنچ جاتی ہیں ۔
(۱۹۹۲ ، الکھ نگری ، ۶۵۰) ۔
اس ہلاکت کا واضح پتا تو بہت بعد میں چلتا ہے ۔
(۲۰۰۵ ، لطائف قرآنی ، ۷۰) ۔
[ ع : ہلاکۃ’‘ کا مفرس ] ۔
اہم اطلاع
اردو لغت بائیس ہزار صفحوں پر مشتمل ، دو لاکھ چونسٹھ ہزار الفاظ کا ذخیرہ ہے . اسے اردو زبان کے جیّد اساتذہ نے 52 سال کی عرق ریزی سے مرتب کیا ہے .
زیر نظر ویب سائٹ انسانی کاوش ہے لہذہ اغلاط کے امکانات سے مبرا نہيں ، آپ سے التماس ہے کہ اغلاط کی نشان دہی میں ہماری معاونت فرمائیں .
نشان دہی کے لیے ہماری ویب سائٹ پر رابطہ کے ان باکس میں اپنی رائے سے آگاہ کریں .