تمہاری آواز میں خراشیں پڑ گئی ہیں لوگ اب ایسی آواز کو پسند نہیں کرتے.
(۱۹۸۱، راجہ گدھ ، ۳۷۶).
۲. لکیر، رگڑ کا نِشان جو لکڑی بنی ہوئی چیزوں پر پڑ جاتا ہے.
اکثر تیار شدہ چیزوں پر رندے سے اچھی صفائی کے باوجود خراش یا اوزاروں کے گہرے اور اونچے نیچے نشانات وغیرہ رہ جاتے ہیں.
(۱۹۶۷، لکڑی کا کام ، ۳ : ۴۱).
۳. (i) دِیواروں پر پلستر کے تڑخنے یا کُھرچے جانے کے گہرے نِشانات.
ان کے مکان کی بالائی منزل کی دیواروں پر جابجا خراشیں پر گئی ہیں.
(۱۹۸۳، ساتواں چراغ ، ۷۴).
(ii) زمین کی اُکھڑے ہوئے پرت ، فرش کا مسالہ تڑخ جانا.
بولتے زخم صدا دیتی خراشوں کی زمیں
گنگناتی ہوئی گاتی ہوئی لاشوں کی زمیں
(۱۹۴۹، نبض دوراں ، ۱۲۸).
۴. کُھجلی ، خارش.
میں بھی کئی مہینے سے اس کا تجربہ کر رہا ہوں ... ورنہ بہت جَلد ، جِلد پر خراش پیدا ہو جاتی تھی.
(۱۸۹۳، مکتوبات حالی ، ۲ : ۲۱).
محل استنجا میں اس سے خراش پیدا ہو جائے.
(۱۹۰۶، الحقوق والفرائض ، ۱ : ۱۱۸).
یہ سائل (سیال) اتنے پانی میں ملایا جاتا ہے جو غسل کے لئے کافی ہو یہ جلد کی خراش کو دور کرتا ہے.
(۱۹۴۸، علم الدویہ (ترجمہ) ، ۱ : ۸۷).
۵. چُبھن ، تکلیف ، خدشہ ، خوف.
روزی رساں خدا ہے فکرِ معاش مت کر
اس خار کا تو دل میں خوفِ خراش مت کر
(۱۷۹۴، بیدار ، د ، ۳۹).
رواں ہے کون قدم جو خراش آہن سے
بسان چشم ہے حلقوں سے خوں فشاں زنجیر
(۱۸۷۵، دبیر ، دفتر ماتم ، ۱۶ : ۱۴۴).
پاؤں میں تا چند زنجیرِ غلامی کی خراش
صرف اک جنبش ابھی ہوتی ہیں کریاں پاش پاش
(۱۹۳۳، سیف و سبو ، ۳۵).
۶. (کنایتاً) ماتھے کی شِکنیں جو عمر رسیدگی کا پتہ دیتی ہیں.
سعی ناکام کے طمانچے کی
پڑ گئی چہرۂ طلب پہ خراش
(۱۹۸۴، سمندر ، ۵۴).
[ خراش ؛ قب ، س : کرس ؛ ع : خرش ].
اہم اطلاع
اردو لغت بائیس ہزار صفحوں پر مشتمل ، دو لاکھ چونسٹھ ہزار الفاظ کا ذخیرہ ہے . اسے اردو زبان کے جیّد اساتذہ نے 52 سال کی عرق ریزی سے مرتب کیا ہے .
زیر نظر ویب سائٹ انسانی کاوش ہے لہذہ اغلاط کے امکانات سے مبرا نہيں ، آپ سے التماس ہے کہ اغلاط کی نشان دہی میں ہماری معاونت فرمائیں .
نشان دہی کے لیے ہماری ویب سائٹ پر رابطہ کے ان باکس میں اپنی رائے سے آگاہ کریں .