۲. شہر کا گِرد و بیش یا اطراف و جوانب ، حوالئ شہر ، قُرب و جوار ، قریب ، نزدیک ، پڑوس ، نواح .
اِدھر اُدھر دیکھنے لگا ، دُور سے سوادِ شہر نظر آیا .
(۱۸۰۲، باغ و بہار ،۱۴۳).
تمہاری دلّی ہی کے سواد میں رائے پتھورا کا اب سے دو ہزار برس پہلے کا بنا ہوا محل کھڑا ہے .
(۱۸۸۸، ابن الوقت ، ۳۶۱).
نور افشاں نامی باغ میں جو آگرے کے سواد میں ہے ، نعش کو سونپ دیا تھا .
(۱۹۱۹، واقعات دارالحکومت دہلی ، ۱ : ۲۳۵).
سوادِ شہر شاندار باغات سے پُر ہے .
(۱۹۶۷، اُردو دائرہ معارفِ اسلامیہ ، ۳ : ۸۵۷).
۳. علاقہ ، سرحد ، تعلقہ ، شہر ، بستی .
تنہا سوادِ ہند میں شہرت نہیں صنم
تُجھ زُلفِ مشکبو کی خبر ناخُتن گئی
(۱۷۰۷، ولی ، ک ، ۲۵۴).
گُزارِ خوش نگاہاں جس میں ہے میرا بیاباں ہے
سواد برِّ مجنوں تو چراگاہِ غزالاں ہے
(۱۸۱۰، میر ، ک ، ۳۰۳).
سراسر جس نے تیری زُلف کے ہر تار کو دیکھا
سوادِ ہند دیکھا کشورِ تاتار کو دیکھا
(۱۸۴۰، شاہ نصیر ، چمنستانِ سخن ، ۲۸).
رات ہوتے ہوتے فوجِ اسلام خیبر کے سواد میں پہن٘چ گئی ، عمارتیں نظر آئیں.
(۱۹۱۱ ، سیرۃ النّبیؐ ، ۱ : ۴۴۴).
اُس کی اک روئداد باقی ہے
ایک اُجڑا سواد باقی ہے
(۱۹۷۸، ابنِ انشاء ، دلِ وحشی ، ۵۳).
۴. مسودہ ؛ تحریر.
میں حج کو گیا تھا ، اپنا دیوان حجرِ اسود سے خُوب مَلا تاکہ اس کی برکت سے کلام میں اور سواد روشنائی حاصل ہو.
(۱۸۲۳، انشائے بہار بیخزاں ، ۶۲).
حضرت آپ کو اپنے حال پر متوجہ پا کر اور مائلِ تحقیق جان کر کُل چار سواد میں نے بہ سبیل پارسل روانہ کئے ہیں .
(۱۸۶۶ ، خطوطِ غالب (غالب کی نادر تحریریں ، ۷۱)).
اسی سبب تو فرلے کے حروف پر حشابس سمجھ کے بیلن پھیرتے سواد اور بیاض کا جھگڑا پاک کرتے ہیں .
(۱۹۱۵، حاجی بغلول ، ۱۱۷).
۵. سیاہ نُقطہ جو دل پر ہوتا ہے .
اُس کے سوادِ زُلف سوں عالم میں اے ولی
کعبہ نمن سیہ ہے سراپا ردائے بیت
(۱۷۰۷، ولی ، ک ، ۶۳)
رہا گیسوئے سیہ تاب کا ان کی سودا
دِیدہ و دِل میں سواد اور سویدا ہو کر
(۱۸۸۸، منشورِ سُخن ، ۱۷)
نظرگاہ زہرہ ترے نُور سے
سویدائے قلب و سوادِ عیون
(۱۹۶۹، مزمور میر مغنی ، ۱۷۹).
۶. پڑھنے لکھنے کا ملکہ ، لیاقت .
پل میں حاصل ہووے مراد
پڑھن پڑھانے کا ابھی سواد
(۱۶۵۴، گنج شریف ، ۲۳۷)
مُجھ کو سوادِ خط نہیں اور عشق ہے دو حرف
جس کا نہ پیش ہے نہ زبر ہے نہ زیر ہے
(۱۷۸۶، میر حسن ، د ، ۱۱۹).
صرف و نحو میں فی الجملہ سواد حاصل کِیا .
(۱۸۴۶، تذکرۂ اہلِ دہلی ،۳۴).
[ ع : (س و د) ]
اہم اطلاع
اردو لغت بائیس ہزار صفحوں پر مشتمل ، دو لاکھ چونسٹھ ہزار الفاظ کا ذخیرہ ہے . اسے اردو زبان کے جیّد اساتذہ نے 52 سال کی عرق ریزی سے مرتب کیا ہے .
زیر نظر ویب سائٹ انسانی کاوش ہے لہذہ اغلاط کے امکانات سے مبرا نہيں ، آپ سے التماس ہے کہ اغلاط کی نشان دہی میں ہماری معاونت فرمائیں .
نشان دہی کے لیے ہماری ویب سائٹ پر رابطہ کے ان باکس میں اپنی رائے سے آگاہ کریں .