۱۔ ایک ہتھیار جس کے آگے لوہے کا ایک نوک دار پھل ہوتا ہے اور پیچھے ایک بہت لمبا بانس ہوتا ہے ، اسے ہاتھ سے پکڑ کر یا دور سے پھینک کر دشمن یا جانور وغیرہ کو مارتے ہیں ، برچھا ، بھالا ، بلم .
لیا زور سوں نیزہ اس ہات تھے
ہوا لہو منیں ہات اس بات تھے
(۱۶۴۹ ، خاور نامہ ، ۴۴۰) ۔
نیزۂ آہ سیں غنیم جنوں
گلشن آباد عقل کوں لوٹا
(۱۷۳۹ ، کلیات سراج ، ۱۳۷) ۔
پھر اس مظلوم کو بھی مار ڈالا
کیا سر معرکہ میں نیزہ بالا
(۱۸۱۰ ، میر ، ک ، ۱۲۷۱) ۔
بھالے سے جو بن مارے نہ دشمن کو پھرے تھے
اک نیزہ سر ان لوگوں کے کٹ کٹ کے گرے تھے
(۱۸۷۴ ، انیس ، مراثی ، ۳ : ۱۳۳) ۔
نیزوں اور بندوقوں کو دیکھ کر اسلحہ خانہ کا گمان ہوتا تھا ۔
(۱۹۲۲ ، گوشہء عافیت ، ۱ : ۱۲۵) ۔
گرما میں یہ دونوں مصروفیات زیادہ ہوتی ہیں شکاریاتی آلات میں بلم ، ہتھوڑا ، نیزہ ، رائفل اور کتے رکھتے ہیں ۔
۳۔ ایک قسم کی نے جس پر سیاہ نشانات ہوتے ہیں ، سرکنڈے کی نے جس کا قلم بنتا ہے ۔
کتاب ایک دوست کے پاس سے منگا کر معہ یک دستہ کاغذ اور بیات نیزہ قلم اور سیاہی اور شنجرف کے بھیجتا ہوں ۔
(۱۸۶۳ ، انشاے بہار بے خزاں ، ۵۸) ۔
۴۔ ایک بانس کی لمبی چھڑ جس میں رنگین جھنڈے بندھے ہوتے ہیں اور سید مدار سالار غازی کی درگاہ کو لے جاتے ہیں ۔
بس کرو اے شاہ فوج حسن قتل عام کوں
عاشقوں کی آہ کا نیزہ علم ہونے لگا
(۱۷۳۹ ، کلیات سراج ، ۱۵۶) ۔
۵۔ چلغوزہ ۔
پھل خاص طور پر انگور ، سردا ، نیزہ بہت سستا ہے ۔
(۱۹۹۳ ، اردو نامہ ، لاہور ، جون ، ۲۵) ۔
۶۔ (قلم سازی) بانسی یا اُسی قسم کے کسی درخت کا تنا جس کی پوریں قلمیں بنانے کے کام آئیں ؛ بغیر بنی قلم
(ا پ و ، ۴ : ۱۸۴) ۔
۷۔ ایک قسم کا بانس جو ملک شام میں پیدا ہوتا ہے اور نہایت بلند ہوتا ہے ۔
قریب ایک وادی ہے جس میں ایسا نیزہ بہت عمدہ پیدا ہوتا ہے کہ اُس کی مانند اُس ملک میں کہیں پیدا نہیں ہوتا ۔
(۱۸۷۰ ، رسالہ علم جغرافیہ (ترجمہ) ، ۳ : ۶۷) ۔
۸۔ نشان ، رایت
(ماخوذ : شبد ساگر) ۔
[نے (رک) + زہ ، لاحقہء تصغیر ]
اہم اطلاع
اردو لغت بائیس ہزار صفحوں پر مشتمل ، دو لاکھ چونسٹھ ہزار الفاظ کا ذخیرہ ہے . اسے اردو زبان کے جیّد اساتذہ نے 52 سال کی عرق ریزی سے مرتب کیا ہے .
زیر نظر ویب سائٹ انسانی کاوش ہے لہذہ اغلاط کے امکانات سے مبرا نہيں ، آپ سے التماس ہے کہ اغلاط کی نشان دہی میں ہماری معاونت فرمائیں .
نشان دہی کے لیے ہماری ویب سائٹ پر رابطہ کے ان باکس میں اپنی رائے سے آگاہ کریں .