۱. (i) ( تان٘بے یا لوہے وغیرہ کو گرم کر کے ) جِسم کے کسی حِصّے پر نِشان لگانا ( شاہی اصطبل کے گھوڑوں ، غُلاموں یا فوجی سپاہیوں وغیرہ کے بطور علامت نشان لگائے جاتے تھے ).
ہرن ہور روج چیتل مار لیوے
نہیں تو داغ دے کر چھوڑ دیوے
( ۱۶۴۵ ، جنّتِ سنگھار ، ۱۸ )
کسی کوں پکڑ کھین٘چ تانگ سُوں
کسی کے پکڑ داغ دیں آنگ کوں
( ۱۷۶۹ ، آخر گشت ، ۱۲۰ ).
شہسوار و خُریرو نظری کرے گا پُشت سے
اسپ دل کو داغ دے گا ناخن ان٘گشت سے
(۱۸۶۱ ، کلیات ِ اختر ، ۸۴۰ ).
(ii) جِسم کے اُس حصّے کو ( جہاں زخم ، ناسُور یا در وغیرہ ہو ) دھات کے کِسی الے یا ٹُکڑے وغیرہ سے جلانا تاکہ وہ جلد اچَھا ہو جائے ( خُون بند کرنے کے لیے بھی یہ عمل کیا جاتا ہے ) .
جو درد دارو تے خُوب نہیں ہوتا اسے داغ دینا.
( ۱۶۳۵ ، سب رس ، ۲۶۱ ).
چور کا داہنا ہاتھ پہون٘چے سے کاٹ کر داغ دیا جاوے.
(۱۸۶۷ ، نور الہدایہ ، ۲ : ۱۲۶ ).
مُجھے اِس غشِی کی حالت میں چھوڑ کر دوہ ایک نائی کو بُلا لایا جس نے مُجھے خصّ کر کے داغ دیا.
(۱۹۴۰ ، الف لیلہ و لیلہ ، ۱ : ۴۳۲ ).
۲. جُدائی ، محروس یا موت وغیرہ کا رنج پہن٘چانا : نکلیف یا صدمہ پہنچانا.
ہر دِن کسی تئے سیں مِلتا ہے گرم جار کر
ہر روز مُجھ کُوں ظلم دیتا ہے داغ اور ہی
(۱۷۱۸ ، دیوان آبرو ، ۷۰ ).
شاید کوئی جن اس پری کو اُٹھا کر لے گیا اور مُجھے یہ داغ دے گیا.
( ۱۸۰۲ ، باغ و بہار ، ۹۴ )
جوانی داغ دے جائیگی ناز اس پر نہ کر غافل
برنِگ مستی طاؤس کوئی دمِ مستی سے
(۱۸۸۸ ، صنم خاںۂ عشق ، ۲۳۱ ).
دِلی کو سیاسی اِنقلاب نے جہاں اور داغ دیے اُن میں سے ایک بھی تھا.
(۱۹۳۳ ، مرحوم دہلی کالج ، ۲ ).
مرحوم کسی سوچے سمجھے منصوبے کے تحت داغ . . . دے گئے.
خُدائے تعالیٰ بھی اُس کُوں سون٘پ کر داغ .لعنتی علیک اِلیٰ یوم الدین " دیا.
(۱۷۴۰ ؟ ، اِرشان السالکین ، ۱۰ ).
قیامت تک تُمھارے نام کو ایک نحوست کے عُنوان سے آشکارا کرتا رہے گا اِس لیے تُم اگر ایک داغ دے کے جاتے ہو تو ایک داغ لے بھی جاتے ہو.
( ۱۹۱۱ ، مضامین شرر ، ۱ : ۳ : ۸۲ ).
۴. رشک یا حسد سے جلانا
دیکھا بس ایک بندۂ خاص الٰہ کو
چہرہ سے جِس نے داغ دِیا مہر و ماہ کو
( ۱۸۳۴ ، میلاد معصومین ، ۱۲۹ ).
۵. آتش بازی میں آگ لگانا ، آتش بازی چھوڑنا.
چرخیاں اور انار داغ دیئے
چرخ انجم کے دِل کو داغ دیئے
(۱۸۸۰ ، قلق لکھنوی ( نوراللغات )).
۶. ( ہِندو) مُردے کو جلانا.
ذی عزت سردار ( سردار فتح سنگھ کالیاں والہ ) نمک حلال و غمگین ہوا اور اُس کی نعش کو میدان سے منگوا کر داغ دیا.
( ۱۸۷۷ ، تاریخ پنجاب ، ۱۸۹ ).
اس کی کریا کرم کون کرے گا کون داغ دے گا.
( ۱۹۱۳ ، چھلاوہ ، ۲۴ ).
۷. ( توپ یا بندوق وغیرہ ) سر کرنا ، چلانا.
اُس نےآؤ دیکھا نہ تاؤ رِیوالور داغ دیا.
( ۱۹۴۴ ، افسانچے ، ۲۲۳ ).
۸. (i) ( فعتاً یا غیر متوقع طور پر ) کوئی نامُنا سب کاروائی کرنا ؛ درخواست دینا ؛ مُقدم دائر کرنا.
وکیل صاحب نے جھٹ جا کر دیوانی اور فوجداری میں دو دو نالشیں داغ دیں.
( ۱۹۴۷ ، فرحت ، مضامین ، ۳ : ۶۴ ).
کوئی منچلے اُٹھے اسمبلی میں داغ دیا کہ کاٹج انڈسٹری کو ترقی دو.
( ۱۹۶۲ ، معصومہ ، ۲۱۰ ).
(ii) غیر متوقع طور پر سوال کرنا.
ایک جولاہے نے اصول سوال رحمان کے ابّا کی خِدمت میں داغ دیا.
( ۱۹۳۲ ، اودھ پنچ ، لکھنْو ، ۱۷ ، ۱۷ : ۱۰ ).
۹ ، بگھارنا گِھی میں اِلائچی اور گرم مصالحہ کا بگھار لگا کر ہنڈیا کو داغ دو.
(۱۹۳۰ ، جامع الفنون ، ۳۰ ).
۱۰ . شکایت کرنا ، چُغلی کھانا .
( نوراللغات ؛ جامع اللغات )
اہم اطلاع
اردو لغت بائیس ہزار صفحوں پر مشتمل ، دو لاکھ چونسٹھ ہزار الفاظ کا ذخیرہ ہے . اسے اردو زبان کے جیّد اساتذہ نے 52 سال کی عرق ریزی سے مرتب کیا ہے .
زیر نظر ویب سائٹ انسانی کاوش ہے لہذہ اغلاط کے امکانات سے مبرا نہيں ، آپ سے التماس ہے کہ اغلاط کی نشان دہی میں ہماری معاونت فرمائیں .
نشان دہی کے لیے ہماری ویب سائٹ پر رابطہ کے ان باکس میں اپنی رائے سے آگاہ کریں .